کوئٹہ، آرچر روڈ پر درخت کی کٹائی،ذمہ دار شخص کو12لاکھ روپے جرمانہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں گزشتہ روز شائع ہونیوالی خبر جس میں آرچر روڈ پر درخت کی کٹائی اور فاریسٹ حکام کی جانب سے اقدامات میں غفلت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ کے حکام کی جانب سے درخت کی کٹائی پر فوری نوٹس لیکر کارروائی عمل میں لائی گئی اور درخت کی کٹائی کے ذمہ دار شخص کیخلاف سرسبز توت کا درخت کاٹنے پر فاریسٹ ریگولیشن ایکٹ انوائرمنٹل ایکٹ اور ریڈ پلس ایکٹ کے تحت جبکہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے پھیلاﺅکا سبب بننے پر 12 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرکے کیس مجسٹریٹ کے بھجوا دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق محکمہ جنگلات و جنگلی حیات اپنے وسائل میں رہتے ہوئے جنگلات جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ ماضی میں بھی جناح روڈ و دیگر مقامات پر درختوں کی کٹائی کا فوری نوٹس لیکر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ کارروائی اور جرمانوں کا مقصد جنگلات و جنگلی حیات کا تحفظ ہے جس پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں