جعفر آباد، انتظامی افسران کو دیکھتے ہی دکانداروں نے اشیاءکے نرخ کم کردیے

جعفرآباد (انتخاب نیوز) ڈیرہ اللہ یار میں 40اور 20کلو گرام آٹے کے تھیلے میں ایک پاو سے آدھے کلو تک کٹوتی زائد المعیاد گرم مصالحہ جات و دیگر چیزیں بھی فروخت ہونے لگیں درجنوں دکانداروں پر پانچ ہزار تک جرمانے انتظامی افسران کو شہر میں دیکھتے ہی پھل سبزی اور گوشت کی قیمتوں میں کمی کردی گئی شہریوں کا یومیہ بنیادوں پر دورہ کرنے کی اپیل تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کے دوران ڈیرہ اللہ یار میں 40اور 20کلو گرام آٹے کے تھیلے میں ایک پاو سے آدھا کلو تک کٹوتی اور زائد المعیاد گرم مصالحہ جات فروخت ہوتے ہوئے پکڑے گئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد رزاق خان خجک کی ہدایت پر تحصیلدار امداد حسین مری چیف آفیسر سلیم خان ڈومکی اور نائب تحصیلدار محمد ظریف گولہ نے پولیس نفری کے ہمراہ شہر کا دورہ کیا اور جنرل اسٹورز پر آٹے کا وزن اور معیار چیک کرنے سمیت دیگر اشیا کا معائنہ کیا گیا تو آٹے کے 40اور 20کلو گرام کے تھیلے سے ایک پاو سے لیکر آدھا کلو تک وزن کم پایا گیا جبکہ متعدد دکانوں پر زائد المعیاد گرم مصالحہ جات بھی فروخت ہوتے ہوئے دیکھا گیا اکثر دکانوں اور قصاب خانوں میں صفائی ستھرائی کا بھی فقدان نظر آیا جس پر انتظامی افسران نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آٹے کے تھیلے کے وزن میں کمی اور زائد المعیاد گرم مصالحہ جات بسکٹس اور مشروبات فروخت کرنے پر متعدد دکانداروں پر پانچ ہزار روپے تک کے جرمانے عائد کیے انتظامی افسران کو شہر کا دورہ کرتے دیکھتے ہوئے پھل سبزی اور گوشت فروشوں نے فی کلو پر 50روپے سے 80روپے تک کمی کردی ٹماٹر 120روپے کلو فروخت کرنے والے سبزی فروشوں نے فوری طور پر 50روپے کلو مقرر کر دیا لیموں 800روپے کے بجائے 400روپے میں فی کلو فروخت کیا گیا جبکہ دیگر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے کو ملی انتظامی افسران نے جنرل اسٹورز قصاب خانوں اور اشیا خوردونوش کی دیگر دکانوں پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظام پر بھی دکانداروں سے ایک ہزار روپے تک جرمانے وصول کیے انتظامی افسران کے دورہ سے ملنے والے ریلیف پر شہری خوشی سے نہال ہوگئے شہریوں نے انتظامی افسران کے گرد مجمع لگا کر کہا کہ انتظامی افسران کی آمد سے قبل ہر چیز دگنی اور تگنی قیمتوں پر فروخت کی جا رہی تھی دکانداروں نے جیسے ہی انتظامی افسران کو دورہ کرتے دیکھا تو فوری طور پر قیمتوں میں کمی کرنے کے ساتھ گاہکوں کو منت ترلے شروع کر دیئے کہ کوئی بھی گاہک مہنگائی کی شکایت نہ کرے سب کو ارزاں قیمتوں پر اشیا فروخت کی جائیں گی شہریوں نے ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک سے اپیل کی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے انتظامی افسران کو یومیہ بنیاد پر شہر کا دورہ کروایا جائے تاکہ شہریوں کو اشیا خوردونوش پھل سبزیاں اور گوشت ارزاں قیمت پر مل سکیں بصورت دیگر دکاندار من مانی قیمتیں وصول کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں