بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود حکومتی ترجیحات میں ہے، صالح بھوتانی
کوئٹہ، لسبیلہ (انتخاب نیوز) سینئر صوبائی وزیر بلدیات بلوچستان سردار محمد صالح بھوتانی نے لسبیلہ سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم دعوؤں اور وعدوں پر نہیں عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں جو لوگ ہمارے قافلے میں شامل نہیں انکو بھی ترقیاتی اسکیمات میں مکمل ترجیح دے رہے ہیں، لسبیلہ اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی اسکیمات کا اجراء بہت جلد ہونے والا ہے ہم بلاتفریق رنگ و نسل اور جماعت کے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں موجودہ بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود تعلیم اور صحت کے نظام کی بہتری ہے. انہوں نے کہا کہ گڈانی شہر کو دیہات سے ملانے والے پل کے لیے فنڈز کا اجراء بہت جلد ہونے والا ہے جس سے گڈانی کے عوام کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہوجائیگا جبکہ گڈانی موڑ سے لیکر گڈانی شہر تک جانے والی سڑک جو انتہائی خستہ حال ہے اس کی مرمت کے لیے بھی فنڈز آنے والی بجٹ میں انشاء اللہ رکھیں گے اور گڈانی کے عوام کے اس دیرینہ مسئلے کو بھی بہت جلد حل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعوؤں اور وعدوں پر نہیں عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ہماری سیاست کا محور عوام ہے ہم عوام کی خدمت کو اپنا سیاسی فرض سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے آج لسبیلہ کی عوام ہم پر مکمل اعتماد کرتی ہے بلکہ اب اللہ کے فضل سے پورے صوبے کی عوام نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم پوری کوشش کرینگے کہ لسبیلہ اور کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے عوام کی خدمت کریں اور جو مسئلے مسائل پچھلے کئی سالوں سے حل نہیں ہوئے انکو حل کریں. انہوں نے کہا کہ سیاست میں سکھ کے ساتھ ساتھ دکھ بھی ملتے ہیں اور حقیقی سیاسی ہمسفر وہ ہے جو دکھ کے وقت آپکے ساتھ ہو اللہ کا شکر ہے کہ لسبیلہ میں ہمارے ساتھیوں نے پچھلے تین سالہ دور میں سخت انتقامی کاروائیوں کے باوجود ہمت نہ ہاری اور ہمارے ساتھ کھڑے رہے اب دکھ تھم گئے ہیں اس لیے ہم ان ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ہم یہ بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم ان علاقوں میں ترقیاتی کام کروارہے ہیں جہاں شائد ہمارے ساتھ نہ ہوں لیکن وہ بلوچستان کے باسی ہیں ہمیں عوامی نمائندگی کی حیثیت سے ہر بلوچستانی کی خدمت کرنی ہوگی جو ہم پوری کرنے کی کوشش کررہے ہیں آنے والے بجٹ میں کوشش کرینگے کہ بلوچستان کے عوام کو ایک انتہائی مثبت اور عوامی بجٹ پیش کریں اور بلوچستان کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبے شروع کریں۔


