کوہ مراد، لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ذکری زائرین کی خصوصی اجتماعی دعا

تربت (انتخاب نیوز) کوہ مراد میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کی گئی۔ بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کوہ مراد پر ذکری زائرین کی آمد کا سلسلہ جمعرات کو ختم ہوا۔ زیارت ذکر و اذکار اور عبادات آج رات سے ختم ہوں گی، آخری روز تقریباً ایک لاکھ سے زیادہ زائرین کی شرکت متوقع ہے۔ ذکری فرقہ کے مقدس مذہبی مقام کوہ مراد پر 27 ویں رمضان المبارک کی رات دعائیہ محافل، خصوصی ذکر و اذکار اور چوگان و صدا کی محافل کے بعد صبح تک ان کا اختتام ہوگا، پوری رات عبادات میں گزارنے کے بعد صبح سے قافلے دوبارہ واپسی کے سفر پر روانہ ہوں گے۔ ذکری کمیونٹی کے مطابق گزشتہ دو سال میں کرونا وائرس کے سبب تعطل کے باعث اس سال تقریباً ایک لاکھ سے زیادہ زائرین کوہ مراد کی زیارت میں شامل ہیں۔ خصوصی عبادات کے لیے ضلع کیچ کے دور دراز مقامات سمیت،ضلع گوادر، ضلع آواران، کراچی، اندرون سندھ سے ذکری زائرین زیارت شریف پہنچ گئے ہیں جس میں خواتین، بچے، نوجوان اور مرد شامل ہیں جبکہ مقامی زائرین آج رات تک کوہ مراد پہنچ جائیں گے جہاں وہ رات کی خصوصی دعائیہ تقاریب، ذکر و اذکار، چوگان اور صدا کی محافل میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ کراچی اور اندرون سندھ کے علاوہ آواران اور ضلع گوادر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں پیدل قافلے بھی زیارت کے لیے کوہ مراد آتے ہیں اس سال بھی پیدل قافلے طویل مسافت طے کرکے کوہ مراد آئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں