نائیجیرین افواج کی کارروائیاں، 23 عسکریت پسند مارے گئے

ابوجا (مانیٹرنگ ڈیسک) نائیجیرین افواج نے ملک کے شمالی مشرقی علاقے میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران 23 عسکریت پسند وں کوہلاک کردیاہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے نائیجیرین فوج کےترجمان برنارڈ اونیوکو کے بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسلح افواج کی جانب سے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ملک کے بورنو اور ترابہ ریاستوں میں کی جانے والی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ایک اہم کمانڈر سمیت23 عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ افواج کی جانب سے ان حالیہ کارروائیوں میں 1,159 عسکریت پسندوں کو ہتھیار ڈالنے پر بھی مجبور کیا اور اسی عرصے کے دوران علاقے میں 619 مغوی افراد کو بازیاب بھی کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہتھیار ڈالنے والے عسکریت پسند وں اور ان کے خاندان کے افراد جن میں 627 بچے، 367 خواتین اور 164 مرد شامل ہیں جن کی پروفائل بنا کر متعلقہ حکام کے حوالے کر دی گئی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے نتیجے میں عسکریت پسندوں کے انکلیو اور ان کی مرکزی ورکشاپ کو تباہ کر دیا گیا ہے جہاں گاڑیوں میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات لگا کر گاڑیاں تیار کی جاتی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں