اداروں کیخلاف بات برداشت نہیں کی جائے گی، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کے اداروں کے خلاف بات بالکل برداشت نہیں کی جائے گی، عمران خان ہوش کے ناخن لیں اور اگلے سال الیکشن کا انتظار کریں۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پر جتنی مرضی تنقید کریں لیکن ریاست پر کوئی بات نہیں ہونی چاہئے، آزادی اظہار رائے کے ساتھ ہمارے اوپر ذمہ داری بھی بہت بڑی ہے، عمران خان سے جب ادارے اور الیکشن کمیشن سوال پوچھیں تو انہیں گالی دے دیتے ہیں، آئین کی حفاظت کیلئے جب عدالتیں کھلیں تو عمران خان آپ انہیں گالیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہوش کے ناخن لیں اور اگلے سال الیکشن کا انتظار کریں، اگلے الیکشن میں عمران خان کی جو ہار ہوگی وہ ہار پہن کر عوام کے سامنے جائیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان سولہ سال سے ملک کے سابق وزرائے اعظم کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرتے رہے، کنٹینرز پر چڑھ کر پولیس والوں کے خلاف سر پھاڑے اورسول نافرمانی تحریک کی کال دیتے رہے اور اقتدار میں آ کرعمران خان نے مخالفین پر الزام لگا کر سزائے موت کی چکیوں میں رکھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کسی مخالفین پر ہیروئن کے پرچے بنائے کسی پر کرپشن کے الزامات لگائے اور جب انکے مخالفین کو عدالتوں سے رہائی ملی تو مدینہ کی ریاست کی سیاست شروع کر دی۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی کارکردگی صفر رہی لوگوں کو بے روزگار کیا بہتان بازی اور غلاظت اگلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں بچوں کی تربیت کررہا ہوں، گالی اور تہمت سے بات شروع کرنے والا کیا بچوں کی تربیت کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں