چینی شہریوں کی سیکورٹی کیلئے پاک چین روابط بہتر بنانے پر اتفاق
اسلام آباد:پاکستان میں تعینات چینی ناظم الامورمس پینگ چَن شِیوHer Excellency Ms. Pang Chunxue) )نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے ملاقات کی جس میں پاکستان چین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی ۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے اور روابط کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور چینی شہریوں کےلئے ویزا میں سہولیات دینے اور چینی شہریوں کی سکیورٹی ف±ول پروف بنانے کیلئے وزارت داخلہ اور چینی سفارتخانے کے درمیان روابط کو مزید بہتر بنانے پراتفاق کیا گیا ۔رانا ثناءاللہ نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہماری مخلوط حکومت پاک چین تعلقات کو نئی بلند ترین سطح پر لے جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ پاک چین دوستی خراب کرنے کی کسی بھی اندرونی یا بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔انہوںنے کہاکہ کراچی یونیورسٹی دہشت گردی واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دینگے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ریاست مکمل وسائل استعمال کررہی ہے،وزارت داخلہ میں فارن نیشنل سکیورٹی ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ڈیسک کے قیام کا مقصد پاکستان میں غیرملکی باشندوں ؛بلخصوص چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے موثررابطہ کاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کیلئے ف±ول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے ایسے واقعات نہ ہوں؛ انکے لئے وفاق اور صوبوں کے درمیان کوارڈینیش کو موثر بنایا جاررہاہے۔ چینی ناظم الامور نے کہاکہ کراچی یونیورسٹی دہشت گردی واقعے کی مکمل تحقیقات اور جلد سے جلد اصلی مجرمان تک پہنچنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے،پاکستان کی ترقی میں چینی معاونت کا عمل جاری رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور بہترین تعلقات کی علامت ہے۔


