یونیورسٹی آف تربت میں الیکشن کمیشن کی ووٹرز آگاہی ورکشاپ
تربت (انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یونیورسٹی آف تربت میں اسٹوڈنٹس کے ساتھ ووٹرز آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے پبلک ریلیشن آفیسر غوث بخش نے طلبہ اور طالبات کو ووٹ ڈالنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آئینی ذمہ داریوں اور ان آگاہی سیشنز کے انعقاد کے مقصد پر روشنی ڈالی۔ جناب عمران احمد ریجنل الیکشن کمشنر مکران نے نوجوان طلباءسے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان میں بلدیاتی نظام کی وضاحت کی۔ انہوں نے طلباءکو جمہوریت کی مضبوطی میں طلباءکے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ضلع کیچ حسین جان نے بھی شیشن میں بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افیسر حصہ لیا اور اسٹوڈنٹ پر زور دیا کہ وہ 29 مئی کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لیں۔ تربت یونیورسٹی کے ڈائیریکٹر صبور بلوچ نے پاکستان کے نوجوانوں کو شامل کرکے بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کرنے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔


