چین کی سرمایہ کاری نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، ثمینہ زہری

کوئٹہ (انتخاب نیوز) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہر ی نے چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے کی 71ویں سالگرہ کے موقع پرچینی صدر صدر شی جن پنگ، پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ، دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان کوچین سے اپنی لازوال اور مضبوط دوستی پر فخر ہے۔ پاک چین دوستی سدابہاراور منفرد ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔سی پیک منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرپا تعلقات کے حوالے سے ہمارے باہمی عزم کی زندہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کا سفر دہائیوں پر محیط ہے اور اس کا دائرہ کار تمام شعبہ ہائے زندگی تک وسیع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان دو بھائیوں کے نام ہیں۔ یہ وہ مبارک دن ہے جب دونوں ممالک نے دوستی کے پودے کا بیج بویا تھا جو 71 سال میں ایک توانا اور پھل دار شجر سایہ دار بن چکا ہے۔جنگ ہو یا امن یا کوئی قدرتی آفت، ہر مشکل وقت اور اہم موقعوں پر چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور اسی طرح کا رویہ پاکستان نے بھی پیش کیا ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری نے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سی پیک کی بدولت پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور یہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس وقت پاکستان میں ہزاروں چینی باشندے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور پاکستانیوں کو انتظامی اور تکنیکی مہارت سے روشناس کرا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں