جامعہ بلوچستان کے زیر اہتمام دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد
کوئٹہ (انتخاب نیوز) جامعہ بلوچستان کے زیر اہتمام دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس بعنوان ” سائنس اور زراعت میں حیاتیاتی تنوع کے لئے خشک زمینوں کا انتظام”جامعہ میں منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان تھے۔ جس میں جامعہ کے پرووائس چانسلر، ڈین فیکلٹیز، اساتذہ، طلباء وطالبات سمیت مختلف مکتب فکر کے نمائندگان نے شرکت کی۔جامعہ کے وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں تمام مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد جامعہ کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے جامعہ کے اساتذہ، طلباء و طالبات کو تحقیق کے مواقع مہیا کئے جاسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس شعبہ لائیواسٹاک اور زراعت کے حوالے سے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ جس سے شعبہ لائیواسٹاک اور زراعت کے شعبہ میں مزید تحقیق کے مواقع میسر ہوں گے جو کہ ایک خوش آئند امر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے اساتذہ اور طلباء و طالبات کو تحقیق کی جانب راغب کریں اور مستقبل میں بھی اس طرح کے کانفرنسز کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ اور اس بابت جامعہ بلوچستان صوبہ میں پودوں کے پیداوار میں اضافہ و فراوانی میں کوشاں ہے۔ ہم زرعی تحقیق کو فروغ دے کر صوبے میں بہتر فصلوں کی پیدوار میں اضافہ اور اسے عالمی مارکیٹ تک رسائی دے کر ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔کیونکہ صوبہ کی اکثریت زراعت سے وابسطہ ہے۔ اور جامعہ بلوچستان شعور و آگائی کو فروغ دینے میں اقدامات کررہی ہے۔ کانفرنس میں مختلف سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ماہرین نے موضوع کی مناسبت سے اپنے اپنے مقالہ جات پیش کئے۔اور یہ کانفرنس دو روز تک جاری رہے گی۔ جس میں ماہرین اپنے تجربات، معلومات اور تحقیقی مقالہ جات پیش کریں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے شرکاء میں شیلڈ بھی تقسیم کئے۔


