سیشن جج پر حملے کیخلاف بلوچستان بھر میں وکلا کا عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ، ججز، وکلاءکی سیکورٹی یقینی بنائی جائے، بلوچستان بار کونسل
کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان بار کونسل کی اپیل پر مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین پر ہونے والے حملے کیخلاف صوبے بھر میں وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ بلوچستان بار کونسل کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ اور دو روزہ عدالتی کارروائیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ بار کونسل کے مطابق مستونگ حملے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کا محافظ شہید ہوئے، جس پر کونسل نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ بلوچستان بار کونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ججز، وکلا اور عدالتی عملے کی سیکورٹی کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔ بار کونسل نے مزید مستونگ حملے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


