ختم نبوتؐ کے قانون کو ختم کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، اراکین اسمبلی بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان اسمبلی اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے رکن بلوچستان اسمبلی عبدالواحد صدیقی کی جانب سے ختم نبوتؐ قرارداد کو منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ نصاب میں اس کو شامل کیا جائے۔ ختم نبوتؐ کے قانون کو ختم کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے ہفتہ کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پونے دو گھنٹے کی کی تاخیر سے ڈپٹی اسپیکر سردار بابرخان موسیٰ خیل کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے عبدالواحد صدیقی نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن وحدیث کی روشنی میں بحیثیت مسلمان اللہ رب العالمین کو واحد لاشریک اور محمدؐ خاتم النبین سمجھتے ہیں۔ چونکہ ختم نبوتؐ کا عقیدہ ہمارے ایمان کا حصہ اور اس کا دفاع ہمارا ایمانی فریضہ ہے اور آئین پاکستان نے بھی اس کو مکمل تحفظ فراہم کیا ہے اس لئے نسل نو کو ختم نبوت کی ضرورت و اہمیت کے عنوان سے باخبر رکھنے کے لئے یہ ہمارے نصاب تعلیم کا حصہ ہونا چاہئے۔ لہٰذا صوبائی حکومت قرآن وحدیث اور سیرت کی روشنی میں ختم نبوتؐ کے عنوان سے نصاب تعلیم میں مضامین شامل کئے جائیں۔ قرار داد کی موزونیت پر بات کرتے ہوئے عبدالواحد صدیقی نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوتؐ پر ہمارا پختہ ایمان ہے حضرت محمدؐ آخری پیغمبر ہیں ان کے بعد قیامت تک کوئی نبی یا رسول دنیا میں نہیں آئے گا قرآن وحدیث کی روشنی میں جو بھی نبوت کا دعویٰ کرے گا وہ مسلمان ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوتؐ کو نصاب میں شامل کیا جائے یہ ہمارا ایمانی فریضہ بھی ہے۔ قائد حزب اختلاف ملک سکندرخان ایڈووکیٹ نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدؐ کی حیثیت پوری دنیا میں لاثانی ہے تمام مذاہب کے لوگوں پر آپؐ کا احترام فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں اسلام اور عقیدہ ختم نبوتؐ کیخلاف سازشیں کررہی ہیں جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سرور کائناتؐ کی زندگی اور سیرت سے نئی نسل کو روشناس کرانے کے لئے اسے نصاب کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل آپؐ کی سیرت کا مطالعہ کرکے اچھے انسان اور اچھے مسلما ن ثابت ہو۔ صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوتؐ ہمارے ایمان کا حصہ ہے پرائمری سطح پر آپؐ کی سیرت نصاب کاحصہ ہونی چاہئے اس حوالے سے ہم نے مختلف تجاویز دی ہیں جو زیر غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بارکھان میں میں نے اپنی ذاتی حیثیت سے یہ سلسلہ سکولوں میں شروع کرارکھا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ قرار داد کو پورے ایوان کی جانب سے مشترکہ قرار داد کے طو رپر منظور کیا جائے۔ جے یوآئی کے مولوی نوراللہ نے کہا کہ ختم نبوتؐ سے ہمارا ایمان وابستہ ہے آپؐ کے بعد کوئی نبی اور رسول نہیں آئے گا۔ انسانیت کی تاریخ میں سب سے بہترین اور اعلیٰ شخصیت رحمت العالمین حضرت محمدؐ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ کی سیرت کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ جے یوآئی کے سید عزیز اللہ آغا نے قرار داد کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آپؐ باعث تخلیق کائنات ہیں، آپؐ کی وجہ سے ہم اس روئے زمین پر سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرار داد بہت پہلے آنی چاہئے تھی ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ حکومت اور ریاست قرار داد لائے بغیر خود یہ محسوس کرکے آپؐ کی سیرت کو نصاب کا حصہ بناتے۔ بعدازاں ایوان نے قرار داد متفقہ طو رپر منظور کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں