صوبائی بجٹ کفایت شعاری کی پالیسی پر گامزن رہ کر بنایا جائے، قدوس بزنجو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات سلیمان مفتی اور سیکرٹری خزانہ حافظ عبدالباسط نے ملاقات کی اور انہیں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ متوازن اور عوام دوست بنایا جائے جس سے عوام کو خوشگوار تبدیلی کا احساس ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں یوتھ اور خواتین کی ترقی کے منصوبے شامل کئے جائیں اور بجٹ میں جیلوں میں اصلاحات اور قیدیوں کی فلاح بہبود کے منصوبوں کو بھی ترجیح دی جائے۔ و زیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے شامل کئے جائیں جن سے مجموعی عوامی مفادات کا تحفظ ہو غیر ترقیاتی اور ترقیاتی اخراجات میں توازن رکھ کر ترقیاتی مد کو ترجیح دی جائے اور کفایت شعاری کی پالیسی پر گامزن رہ کر غیر ضروری اخراجات کو کم سے کم سطح پر رکھا جائے۔


