میر شفیق الرحمن مینگل پر حملہ بزدلانہ فعل ہے، دہشت گرد عناصر کے عزائم ناکام بنا کر بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، نوابزادہ امیر حمزہ زہری
وڈھ، باڈڑی (این این آئی) صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے خضدار میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قبائلی شخصیت میر شفیق الرحمن مینگل کی رہائش گاہ پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے محافظوں کے لواحقین سے تعزیت اور میر شفیق الرحمن مینگل سے اظہار یکجہتی کے لیے وڈھ کے علاقے باڈڑی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے شہداءکے ورثاءسے ملاقات کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، فاتحہ خوانی کی اور پسماندگان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے میر شفیق الرحمن مینگل سے بھی تعزیتی ملاقات کی اور دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات سے عوام اور قیادت کے حوصلے پست نہیں ہوں گے بلکہ ایسے واقعات امن و استحکام کے لیے ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں قیام امن کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خضدار سمیت پورے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے موثر اقدامات جاری ہیں اور صوبے کو جلد امن و ترقی کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی صلاح الدین زہری، خان محمد زہری، عبدالمالک باجوئی اور سکندر باجوئی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔


