ایندھن اور سامان کی ترسیل کیلئے سیکورٹی بڑھانے کی یقین دہانی، سیندک منصوبے کی ممکنہ بندش کا کوئی امکان نہیں، منیجنگ ڈائریکٹر
کوئٹہ (ویب ڈیسک) پاکستان نے بلوچستان میں چینی تعاون سے چلنے والی تانبے اور سونے کی کان سیندک کے گرد سیکورٹی مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ منصوبے کی انتظامیہ نے ان خبروں کو مسترد کردیا ہے کہ سیکورٹی صورتحال کے باعث یہ منصوبہ بند ہو جانے کے خطرے سے دوچار ہے۔ سیندک میٹلز کے منیجنگ ڈائریکٹر رازق سنجرانی نے کہا کہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں اس منصوبے کی ممکنہ بندش کے حوالے سے شائع کی گئی خبر حقائق کے منافی ہے۔ ان کے مطابق یہ کان گزشتہ 25 برسوں سے بلاتعطل کام کر رہی ہے اور اس کے بند کیے جانے کا کوئی امکان نہیں۔ سنجرانی نے بتایا کہ کمپنی نے بلوچستان میں بعض راستوں پر سیکورٹی خدشات کے باعث فرنس آئل کی ترسیل کے لیے حکام سے مدد طلب کی تھی کیونکہ کچھ ٹرانسپورٹرز مخصوص راستوں پر جانے سے گریز کر رہے تھے۔ تاہم سیکورٹی اداروں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایندھن اور دیگر سامان کی فراہمی بلارکاوٹ جاری رہے گی۔


