12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں7 جبکہ مستونگ میں 2 دہشت گردہلاک کردیئے، آئی ایس پی آر
کوئٹہ /اسلام آباد (این این آئی)آئی ایس پی آر کے مطابق واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک کردئیے، سیکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری اور فیصلہ کن کارروائی میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا، آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بلوچستان میںدہشت گردوں اور انسانی اسمگلرز کیخلاف کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ضلع مستونگ کے علاقہ پرنگ آباد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل وحرکت پر بروقت کارروائی کی، سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے دشت اورتربت میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنادی۔سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزنے غیرقانونی طور پرایران اور یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 104 غیرقانونی افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے پرعزم ہیں۔


