کیسکو نے بی ایم سی سے بقایات جات کی مد میں 4 کروڑ 80 لاکھ وصول کرلیے
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے مختلف سرکلزمیں ماہ جون کے ریکوری مہم اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری ہے۔ اس سلسلے میں کیسکوسینٹرل سرکل کوئٹہ کی ٹیم نے محکمہ بولان میڈیکل کالج (بی ایم سی) سے بقایاجات کی مدمیں 4کروڑ80لاکھ روپے وصول کرلئے۔ اسی طرح کیسکوسبی سرکل کے صحبت پورسب ڈویژن کی ٹیم نے عدم ادائیگی پر نادہندگان کے 10ٹرانسفارمرزاُتاردئیے اس دوران بجلی بلوں کے بقایاجات کی مدمیں بھی تقریباً20لاکھ روپے وصول کرلئے گئے۔ کیسکوپشین سرکل کے یارو سب ڈویژن نے عدم ادائیگی پر 5نادہندگان کے ٹرانسفارمرزاُتاردئیے۔ واضح رہے کہ کیسکوکی جانب سے صوبہ بھرمیں ماہ جون کی ریکوری مہم کے سلسلے میں بقایاجات کی وصولی کرنے کے ساتھ ساتھ تمام نادہندگان کے برقی کنکشنز منقطع کرکے انکے ٹرانسفارمرز بھی اْتارے جا رہے ہیں۔ لہٰذا تمام صارفین سے اپیل ہے کہ وہ کسی بھی زحمت سے بچنے کے لیئے اپنے موجودہ بل جمع کرنے کے ساتھ بقایا جات بھی فوری طورپر جمع کرائیں۔


