پنجگور میں گزشتہ تین روز سے بجلی معطل، شہر میں پانی کی شدید قلت
پنجگور (نمائندہ خصوصی) پنجگور میں گزشتہ تین دن سے بجلی معطل ہونے کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر، شہر میں پانی کی شدید قلت۔ 14 جون منگل کے روز تربت اور پنجگور کے درمیان کوہ بن سیدان میں بجلی کے چھ مین ٹاورز گرنے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی تھی۔ جوکہ تاحال عوام بجلی سے محروم ہیں۔ کیسکو حکام کے مطابق بجلی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے تاہم کام مکمل ہونے کیلئے مزید 2دو سے تین 3 دن لگ سکتے ہیں۔ شہر میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے نظام زندگی بڑی طرح متاثر ہوچکی ہے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ بازار میں برف کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ برف فیکٹری میں دستیاب نہیں جبکہ بلیک میں برف فی کلو تین 3 سو روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ شدید گرمی اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عوام ایک قرب میں مبتلا ہیں۔ بازار میں تمام ورکشاپ اور چھوٹے چھوٹے کارخانے بند ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں مزدور بے یارومددگار اور نان شبینہ کے محتاج ہوگئے۔ پنجگور کے عوامی حلقوں نے کیسکو کے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ پنجگور میں بجلی کی فوری بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر کے عوام اس عزاب سے نجات دلائیں۔


