شرپسندوں نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر وطن فروشی کا ثبوت دیا، یار محمد رند

سبی (انتخاب نیوز) رند قبائل کے سربراہ چیف آف رند رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند نے ہرنائی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کی سازش ہیں، رند قبائل امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شر پسندوں نے غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے نہتے شہریوں کو ٹارگٹ کرکے وطن فروشی کا ثبوت دیا ہے، بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف ٹھوس بنیادوں پر عملی قدم اٹھایا جائے۔ بلوچستان بھر کے عوام متحد ہوکر شرپسندوں کیخلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست شرپسندوں کو عبرت کا نشان بنائے۔ چیف آف رند سردار یار محمد رند نے ہرنائی کے المناک واقعے میں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ہم ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ درجات اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطاء فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں