ٹیکنالوجی کو آگے بڑھانے کے نقطہ نظر کے ساتھ خلا میں واپس جانا ہوگا، بن سلمان
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے خلاباز بنی نوع انسان کی فلاح کے لیے خلا میں واپس جائیں گے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات شہزادہ سلطان بن سلمان نے اپنی تاریخی پرواز کی 37 ویں سالگرہ کے موقع پر کہی۔انھوں نے کہا کہ یقینا سعودی عرب خلا میں واپس جا رہا ہے۔ ہمیں خلا میں واپس جانا ہے لیکن ہمیں نہ صرف چیزوں کو واپس لانے بلکہ ترقی کے عمل اور ٹیکنالوجی کو آگے بڑھانے کے نقطہ نظر کے ساتھ خلا میں واپس جانا ہوگا۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کے بیٹے نے 17جون 1985 کو تاریخ رقم کی تھی اور وہ ڈسکوری خلائی شٹل پر سوار ہونے، زمین کا مدار چھوڑنے والے پہلے عرب، پہلے مسلمان اور شاہی خاندان کے پہلے رکن بن گئے تھے۔انھوں نے پرواز میں پانچ امریکیوں اور ایک فرانسیسی پر مشتمل عملہ کے ساتھ مل کرتین سیارچے مدارمیں پہنچادیے تھے۔ان میں عرب سیٹ ون بی 1 بھی شامل تھاجس کے لیے وہ پے لوڈ کے ماہرتھے۔


