ایران معاہدے کی شرائط مکمل کرے تو جوہری معاہدہ ہوسکتا ہے،امریکی نائب وزیرخارجہ
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے نائب معاون وزیر خارجہ برائے عالمی تعلقات عامہ بل روسو نے کہاہے کہ اگر ایران معاہدے کی شرائط کی مکمل تعمیل پرتیار ہے تو اس کے ساتھ جوہری معاہدہ ہوسکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ یمن جنگ بندی اس بات کی حیرت انگیز اور عارضی مثال ہے کہ سعودی عرب اورامریکا کے درمیان شراکت داری کیا پیش کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ سعودی عرب اور امریکا کی تزویراتی شراکت یمن میں انسانی زندگیاں بچانے میں معاون ہے۔روسو نے ایران کے جوہری پروگرام میں شفافیت میں کمی کے بارے میں امریکی تحفظات کا اظہار کیا، لیکن وہ ایک معاہدے پر پہنچنے کے امکانات کے بارے میں پر امید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران معاہدے کی شرائط کی مکمل تعمیل پرتیار ہے تو اس کے ساتھ جوہری معاہدہ ہوسکتا ہے۔روسو کا کہنا تھاکہ یمن میں جنگ بندی امریکی مفادات اور علاقائی سلامتی کو فروغ دے گی۔ جنگ بندی ہمارے مشترکہ مفاد میں ہے۔ یہ یمن میں زمینی سطح پر انسانی بنیادوں پر رسائی، سامان کی ترسیل اور لوگوں کو امن سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ اس بات کی ایک بہترین مثال ہے کہ امریکا سعودی شراکت داری خطے میں کیا پیش کر سکتی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکار نے کہا کہ ان کا ملک امید کرتا ہے کہ یمن میں تنازع کے فریق اقوام متحدہ کی زیر قیادت کوششوں کے ذریعے سنجیدہ بات چیتمیں شامل ہوں گے،جس سے ہمیں امید ہے کہ دیرپا امن قائم ہو گا۔


