امارات نے پولینڈ میں یوکرینی پناہ گزینوں کیلئے امدادی اشیاء رروانہ کردیں
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے پولینڈ میں یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے 27 ٹن خوراک اور طبی سامان بھیجا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرین میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم احمد الکعبی نے انسانی امداد کی کاوشوں میں حصہ ڈالنے کے لیے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔خلیجی ملک نے 24 فروری کو روس کے حملے کے بعد یوکرین سے گھربار چھوڑ کر جانے والے پناہ گزینوں کی مدد کے لیے اب تک پولینڈ اور مالدووا میں امدادی سامان سے لدے چھے طیارے بھیجے ہیں۔ان کے ذریعے مجموعی طور پر 156 ٹن خوراک، ادویہ،طبی سامان اور ایمبولینسیں بھیجی گئی ہیں۔متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی اپیل کے جواب میں یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے ایک کروڑ83 لاکھ اماراتی درہم عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔یہ نیا امدادی سامان اسی رقم کے حصے کے طور پر بھیجا گیا۔دبئی انٹرنیشنل ہیومینٹیرین سٹی (آئی ایچ سی)نے شہر کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر 124 ٹن امدادی سامان اور پناہ کے آلات بھی یوکرینیوں کے لیے بھیجے۔اقوام متحدہ کے مطابق 24 فروری کو روس کے حملے کے بعد سے 55 لاکھ سے زیادہ یوکرینی شہری اپنا گھربار چھوڑ کر ہمسایہ ملک پولینڈ، مالدووا، رومانیہ اور اس سے آگے فرار ہوچکے ہیں۔عالمی ادارے نے اسے دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ میں پناہ گزینوں کا تیزی سے بڑھتا ہوا بڑا بحران قرار دیا ہے۔


