لاپتہ لڑکے کی رہائی کیلئے لاکھوں روپے تاوان کا مطالبہ کرنیوالا SHO نشان عبرت بنادیا گیا

کراچی (انتخاب نیوز) نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے سے مغوی بچے کی بازیابی کے بعد ایس ایچ او کو معطل کرکے ریورڈ کردیا گیا، کرپٹ تھانیدار کو بلیک کمپنی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔منگل کے روز آپریٹر شوکت نے پولیس کنٹرول پر پیغام سنایا کہ اکبر بیس سے نوٹ کرایا گیا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کے حکم پر ایس ایچ او نیوکراچی انڈسٹریل ایریا افتخار آرائیں کو معطل اور ریورڈ کردیا گیا ہے، سابق ایس ایچ او کو گارڈن ہیڈ کوارٹرز کی بلیک کمپنی میں رپورٹ کرنے کا پابند کیا جائے جبکہ تھانے کا چارج ایڈیشنل ایس ایچ او کے حوالے کردیا گیا۔ واضح رہے کہ علاقے سے لاپتہ ہونے والے بچے کے سلسلے میں کی گئی انکوائری میں معلوم ہوا تھا کہ بچہ شاہ جی نامی اہلکار کی تحویل میں تھا جس کی رہائی کیلئے لاکھوں روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا، بچے نے بازیابی کے بعد انکشاف کیا تھا کہ اسے تھانے میں ہی رکھا گیا تھا۔ پولیس چیف کی جانب سے کی ایس ایچ او کو عہدے سے ہٹا کر محکمہ جاتی انکوائری کا آغاز کردیا گیاہے۔ واضح رہے کہ ضلع وسطی میں اسٹریٹ کرمنلز بے خوف وخطر وارداتوں میں مصروف اور شہری آئے روز لٹ رہے ہیں تاہم پولیس نے سب اچھا ہے کی رپورٹ دینا ڈیوٹی سمجھ رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں