واشک، ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کے بعد ٹرانسپورٹروں نے کرایہ دگنا کردیا
واشک (انتخاب نیوز) واشک میں ایرانی ڈیزل اور پیٹرول استعمال کرنے والے ٹرانسپورٹرز پاکستانی پٹرول کی قیمت بڑھانے پر کرایہ بڑھا کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے۔ واشک میں ایرانی ڈیزل اور پیٹرول استعمال کرنے والے ٹرانسپورٹرز پاکستانی پیٹرول کی قیمت بڑھانے پر کرایہ بڑھا کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، یہ ایک حقیقت ہے کہ اس وقت پورے پاکستان میں مہنگائی قابو سے باہر ہوتا جارہا ہے، غریب تو غریب سفید پوش طبقہ بھی پریشانی کا شکار ہے، جبکہ دوسری طرف ذخیرہ اندوزی میں ملوث پیٹرول اور ڈیزل مافیا سمیت پرچون والے اپنی مرضی کے نرخ مقرر کرکے لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ افسوس کہ اس حوالے سے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے، نہ سول سوسائٹی اور نہ تاجر برادری کے ذمہ دار اس حوالے سے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ اسی طرح واشک سے خاران کوئٹہ، پنجگور، نوشکی اور دوسرے علاقوں میں چلنے والے ٹرانسپورٹرز جو ایرانی ڈیزل استعمال کرتے ہیں جبکہ کرایہ پاکستانی تیل کی قیمتیں بڑھانے پر مقرر کر کے راتوں رات امیر بننے کی کوشش کررہے ہیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کی طرح ضلعی ٹرانسپورٹ اتھارٹی بھی خواب خرگوش میں ہے، اگر ایرانی پیٹرول اور ڈیزل پمپ والے، پرچون والے یا ٹرانسپورٹرز اپنی مرضی کے نرخ مقرر کرکے یا ذخیرہ اندوزی کرکے امیر سے امیر تر ہورہے ہیں اور مہنگائی کا سارا نزلہ عام لوگوں پر گرا رہے ہیں۔ دوسری طرف ان کو کنٹرول کرنے کے لیے انتظامیہ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، تاکہ ایک مناسب نرخ بندی کرکے عوام کو ریلیف مل سکے۔


