تربت, لاپتہ طلباء کے لواحقین کا آج سے سی پیک شاہرہ پر دھرنا دینے کا اعلان

تربت (بیورورپورٹ) تربت، طلباء کی عدم بازیابی کے خلاف لاپتہ طلباء کے خاندانوں نے 28جون سے سی پیک شاہراہ ڈی بلوچ کے مقام پر احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کردیاہے، حق دو تحریک کیچ اورتربت سول سوسائٹی نے دھرنا کی حمایت کردی، خاندانی ذرائع کے مطابق طالب علم نعیم رحمت ساکن شاپک کو17مارچ2022ء اور شفیق ولد دلدار سکنہ شاہ آباد آپسر کو 7مارچ 2022ء کو لاپتہ کیاگیا تھا اس کے علاوہ دیگر نوجوان لاپتہ ہیں جن کی بازیابی کیلئے انتظامی افسران نے ملاقاتوں کے دوران کچھ دنوں کی مہلت مانگی تھی مگر مہلت گزرنے کے باوجود ان کی بازیابی کیلئے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی جس کے خلاف 28جون کو تربت کراچی گوادر شاہراہ ڈی بلوچ کے مقام پر احتجاجی دھرنا دیاجائے گا،دریں اثناء حق دو تحریک کیچ کے ڈپٹی آرگنائزر محمد یعقوب جوسکی کی صدارت میں حق دو تحریک کیچ کا ایک اہم اجلاس پیر کو منعقد ہوا جس میں لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بارے میں مشاورت کی گئی اور باہمی مشاورت کے بعد یہ طے کیا گیا کہ حق دو تحریک کیچ 28 جون کو ڈی بلوچ دھرنے کی حمایت کرے گی اور اُس میں شرکت بھی کرے گی، اجلاس میں تمام بلوچ راج قوم دوستوں سے اپیل کی گئی کہ وہ بھی دھرنے میں شرکت کریں،تربت سول سوسائٹی کے ترجمان نے 28 جون کے دھرنا کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے دھرنا میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں