افغانستان میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں 2 اہلکار، ایک مشتبہ شخص جاں بحق، 20 زخمی
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں فورسز پر حملوں میں 2 اہلکار جاں بحق، 20 زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق پہلا حملہ ہرات میں ایئر فورس کی گاڑی اور دوسرا حملہ 207 الفاروق کور کے اہلکاروں کی گاڑی پر کیا گیا۔ حملے میں زخمی ہونے والوں میں دو طالبعلم بھی شامل ہیں۔ سیکورٹی حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ شخص ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد مشتبہ افراد موقع سے فرار ہوگئے، اب تک حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ افغان حکومتی ترجمان برائے ہرات پولیس محمد شاہ رسول نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں نے فورسز کو نشانہ بنایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق دونوں افراد کا تعلق سیکورٹی فورس سے ہے جبکہ زخمیوں میں بھی بڑی تعداد اہلکاروں کی ہے جبکہ شہری بھی زخمیوں میں شامل ہیں، تاہم افغان حکومتی ترجمان نے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔ مقامی ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہرات سینٹرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔


