ڈیرہ اللہ یار، دو ماہ قبل اغوا ہونیوالے دو افراد قلعہ عبداللہ سے بازیاب
ڈیرہ اللہ یار (انتخاب نیوز) پولیس تھانہ ڈیرہ اللہ یار کے ایس ایچ او نے دو ماہ قبل اغوا ہونے والے دو مغویوں کو قلعہ عبداللہ سے بازیاب کروا لیا ایس ایس پی جعفرآباد محمد جواد طارق کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او عبدالروف جمالی نے ٹیم افسر عبدالغنی جمالی اہلکاروں طارق علی بہرانی و دیگر کے ہمراہ قلعہ عبداللہ پہنچ کر خفیہ معلومات کی بنا پر ایک مکان پر چھاپہ مار کر دو مغویوں خالد بروہی اور برکت لاشاری کو بحفاظت بازیاب کروا لیا اور ڈیرہ اللہ یار میں دونوں مغویوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے ایس ایچ او عبدالروف جمالی کے مطابق نوجوان خالد بروہی اور برکت لاشاری کو دو ماہ قبل ایک قریبی دوست کے ذریعے پکنک منانے کوئٹہ لے جا کر اغوا کیا گیا اور اغوا کاروں نے دونوں مغویوں کو قلعہ عبداللہ میں ایک مکان میں قید کر رکھا تھا مغویوں کی بازیابی کے لیے کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے تاہم جب ٹھوس اطلاع ملی کہ مغویوں کو قلعہ عبداللہ میں قید رکھا گیا ہے تو پولیس ٹیم قلعہ عبداللہ پہنچی اور کامیاب کارروائی پر مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔


