روسی افواج کی قبضے کیلئے ڈونیٹسک پر بمباری‘ 8 افراد ہلاک‘25 زخمی
کیف (مانیٹرنگ ڈیسک) روسی افواج کی ڈونیٹسک پر بمباری سے 8 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔ جبکہ روسی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کا مشرقی یوکرین میں حملے کے دوران امریکی ساختہ 2ہیمارس تباہ کر دئیے ہیں ادھر روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ہیمارس کیلئے راکٹ ذخیرہ کرنے والے گولہ بارود کے 2ڈپو بھی تباہ کردئیے گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لوہانسک پر قبضہ کے بعد روسی فوج کی یوکرین کے اہم شہر ڈونیٹسک کی طرف پیش قدمی جاری ہے۔ یوکرین کے فوجی حکام کے مطابق ڈونیٹسک شہر اور قریبی آبادی والے علاقوں پر بھی شدید گولہ باری کی جارہی ہے۔ متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں۔ مقامی گورنر نے کہا ہے کہ ڈونیٹسک میں 3 لاکھ 50 ہزار شہری پھنسے ہوئے ہیں۔روسی فوج نے لوہانسک کے قریبی شہر سلوویانسک کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ سلوویانسک کے میئر کا کہنا ہے کہ شہر پر گزشتہ دوہفتے کے دوران روسی حملوں میں 17 افراد مارے جا چکے ہیں۔روس نے یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف پر بھی میزائل حملے کئے۔ ایک میزائل لگنے سے یونیورسٹی کی عمارت کے مرکزی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔ادھر روس نے مشرقی یوکرین میں امریکا کی طرف سے فراہم کیا گیا ہائی موبیلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم تباہ کر دیا۔ دوسری جانب روس کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ اس کی مسلح افواج نے مشرقی یوکرین میں امریکا کے تیارکردہ دوجدید ہیمارس راکٹ سسٹم اوران کے گولہ بارود کے ڈپو تباہ کردیے ہیں جبکہ یوکرین نے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہا کہ اس نے ہائی موبلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹمز (ہیمارس)کے دولانچرتباہ کیے۔ہتھیاروں کا یہ نظام امریکا اور اس کے اتحادیوں نے یوکرین کو مہیا کیا۔


