نرگ ڈھورہ کی ناقص تعمیر کے باعث سونا اگلنے والی اراضیات بنجر ہیں، زمیندار
بیلہ (انتخاب نیوز) زمینداروں کی بائیس سالہ مایوسی کا ازالہ نہ ہوسکا، امیدوں پر پانی پھرگیا، نرگ ڈھورہ کی تعمیر وبحالی نہ ہوسکی، زمینداروں کی بنجر زرعی اراضیات حالیہ مون سون اسپل میں بھی سیراب نہ ہوسکیں، نرگ ڈھورہ کی ناقص تعمیر و عدم بحالی سے زمینداروں میں مزید محرومیاں پائی جارہی ہیں۔ 65 کروڑ روپے کی لاگت اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی کے فنڈز سے تعمیر ٹھیکیدار کی ناقص حکمت عملی پر معمولی سیلابی پانی سے نرگ ڈھورہ کی ریٹرننگ وال ٹوٹ گئی، 65 کروڑ روپے ٹھیکیدار اور محکمہ آبپاشی کے ذمہ داران کی لاپروائی اور کام میں عدم توجہ کے باعث ضائع ہوگئے۔ مقامی زمینداروں نے عوامی پریس کلب بیلا کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موضع وانگ اور گدور کی ہزاروں ایکڑ اراضی کی سیرابی اور یہاں کے زمینداروں کا واحد ذریعہ معاش نرگ ڈھورہ سے منسلک ہے۔ نرگ ڈھورہ پچھلے بائیس 22 سال سے غیر فعال ہونے کے سبب زمینداروں کی سونا اگلنے والی اراضیات بنجر ہیں۔ موضع وانگ اور گدور کے زمیندار شدید مایوسیوں کا شکار ہیں۔ 65 کروڑ روپے کا زیاں مقامی زمینداروں کا معاشی قتل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نرگ ڈھورہ کی بحالی وتعمیرکے ناقص اور غیر معیاری تعمیرات کی تحقیقات کی جائیں اور زمینداروں کی محرومیوں و مایوسیوں کا فوری ازالہ ممکن بنایا جائے۔


