روس نے یوکرین کے مزید حصے کو ہتھیانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے،امریکا

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے انٹیلی جنس ایجنسی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ روس یوکرین کے مزید حصے کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے ہوم ورک مکمل کر چکا ہے۔جان کربی نے بتایا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے قبضہ شدہ علاقے کو ساتھ ملانے کے لیے رواں برس ستمبر تک ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کوئی بھی بے وقوف نہیں ہے، روسی صدر 2014 کے طریقہ کار کو دوبارہ اپنانا چاہتے ہیں۔جان کربی نے الزام عائد کیا کہ روس نے یوکرین کے مزید حصے پر قبضے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنے حمایت یافتہ حکام کو کیف میں تعینات کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم روس کے منصوبے کو بے نقاب کر رہے ہیں تاکہ دنیا جان سکے کہ یوکرین کے مزید حصے پر ماسکو کے قبضے کا غیر قانونی منصوبہ پہلے سے طے شدہ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ایسا ہونے کی صورت میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے فوری ردعمل دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں