واشک کے تمام اداروں پر نااہل اور کرپٹ افسران مسلط ہیں، بی اے پی
بسیمہ (نامہ نگار) بلوچستان عوامی پارٹی کے تحصیل آرگنائزر میر محمد ایوب عیسیٰ زئی، میر محمد ہاشم عیسیٰ زئی، میر غلام حیدر عیسیٰ زئی، گلفام شبیر عیسیٰ زئی اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت کے پوسٹوں میں ڈی ایچ او کی جانب سے نوجوانوں کی حق تلفی اور میریٹ کی پامالی کے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جب سے واشک میں نئے ایم پی اے کا دور شروع ہوا ہے پورے ضلع میں کرپٹ اور ناکارہ افسران کا راج ہے، تمام محکمے تباہ ہوچکے ہیں ایماندار اور مخلص افسران کو نکال کر واشک کو بدترین پسماندگی میں دھکیل دیا گیا ہے، موجودہ پوسٹوں میں مستحق قابل اور ڈپلومہ ہولڈر نوجونواں کے نام میریٹ لسٹ سے نکال کر جعلی ڈپلومہ ہولڈرز کو میریٹ لسٹ میں شامل کرکے ایک سیاہ تاریخ رقم کردی گئی ہے۔ اسکے علاوہ ڈی ایچ او نے اپنے خاندان سے 11 لوگ میرٹ لسٹ میں شامل کردیا ہے، باقی کمیٹی ممبران کے آٹھ آٹھ لوگ میرٹ لسٹ میں شامل ہیں۔ غریب نوجوانوں کے ساتھ ظلم کسی صورت برداشت نہیں، واشک میں میرٹ کی پامالی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور سیکرٹری ہیلتھ صوبائی وزیر صحت ڈائریکٹر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور دیگر حکام بالا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ڈی ایچ او کیخلاف کارروائی کریں اور موجودہ میریٹ لسٹ پر نظرثانی کرکے مستحق اور پاس نوجوانوں کو میرٹ لسٹ کا حصہ بنائے، جن امیدواروں کے پرچے ڈی ایچ او اور کمیٹی کے ممبران نے حل کیے ہیں، ان کے نام میرٹ لسٹ سے نکال دیں وگرنہ ہم عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹانے کے ساتھ ساتھ موجودہ ڈی ایچ او کیخلاف ایک احتجاجی تحریک شروع کردیں گے اور غریب نوجوانوں کو انکے حقوق دلانے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے، ہر فورم پر موجودہ نظام اور کرپٹ افیسراں کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔


