امریکا، فوٹوگرافر ثانیہ خان کو سابق شوہر نے قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مارلی

شکاگو (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے شہر شکاگو میں مقیم پاکستانی نژاد فوٹوگرافر اور کونٹینٹ ڈیولپر ثانیہ خان کو ان کے سابق شوہر نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ شکاگو پولیس کے مطابق 29 سالہ پاکستانی نژاد فوٹو گرافر ثانیہ خان نے چند روز قبل اپنی طلاق سے متعلق تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں، جس کے بعد ثانیہ کو ان کی شکاگو میں رہائشگاہ میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق ثانیہ خان پر ان کے سابق شوہر نے پیر کے روز فائرنگ کی اور پھر خود پر بھی پستول تان لیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق پولیس جب ثانیہ خان کے اپارٹمنٹ پہنچی تو وہاں ایک نوجوان کے کراہنے کی آواز آرہی تھی۔ میڈیا کے مطابق ایک ذریعے نے بتایا کہ جب پولیس ثانیہ خان کے اپارٹمنٹ پہنچی تو اس نے دیکھا کہ ثانیہ دروازے کے ساتھ مردہ پڑی ہوئی ہیں، ان کی کھوپڑی کے پچھلے حصے میں گولی ماری گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے سابق شوہر راحیل احمد بیڈ روم میں بے ہوشی کی حالت میں پڑے ہوئے تھے اور ان کے سر میں بھی زخم کا نشان تھا، زخمی شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دیدیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں