امریکہ سے بڑھتے تنازعات، چین کا آبنائے تائیوان میں فوجی مشقوں کا اعلان
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ وہ تائیوان کے سامنے اپنے ساحل پر لائیو فائر فوجی مشقیں شروع کر رہا ہے۔ یہ اعلان نینسی پیلوسی کے ممکنہ دورہ تائیوان کے باعث چین اور امریکہ کے مابین بڑھتے تنا کے دوران کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چین نے آبنائے تائیوان میں فوجی مشقیں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان سے قبل بیجنگ نے واشنگٹن کو خبردار کیا تھا کہ اگر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے اپنے دورہ ایشیا کے دوران اگر تائیوان کا دورہ بھی کیا تو اس کے سنگین نتائجسامنے آئیں گے۔چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شینہوا کے مطابق چینی فوج صوبہ فوجیان کے پنگٹن جزیروں کے قریب صبح آٹھ بجے سے شام نو بجے تک لائیو فائر فوجی مشقیں کر رہی ہے۔میری ٹائم تحفظ کی انتظامیہ نے بحری جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس علاقے سے نہ گزریں۔اس اعلان میں یہ تفصیلات نہیں بتائی گئیں کہ آیا ان فوجی مشقوں کے دوران توپوں، میزائیلوں، جنگی جہازوں یا دیگر بھاری اسلحے کا استعمال کیا جائے گا۔بیجنگ حکومت تائیوان پر اپنی عمل داری کا دعوی کرتی ہے اور چین نے ضرورت پڑنے پر بزور طاقت تائیوان کو اپنے ساتھ متحد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔گزشتہ ہفتے امریکی کانگریس میں تقریر کے دوران اسپیکر نینسی پیلوسی نے کہا تھا کہ امریکہ کے لیے تائیوان کی حمایت کا اظہار کرنا اہم ہے۔


