خضدار، سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کے تحت داخلہ و اسکالرشپس کے عنوان سے تقریب
خضدار (انتخاب نیوز) گزشتہ روز اتوار خضدار میں سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کی سالانہ آگاہی تقریب بعنوان ” داخلہ و اسکالرشپس” منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ، تعلیم دوست شخصیات سمیت طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں ذمہ داران نے بلوچ سماج بالخصوص نوجوان طبقہ میں انزائٹی،ڈپریشن و خود سوزی کے بڑھتے واقعات اور انکے حل، سائیکالوجیکل کیریئر کاؤنسلنگ، جامعات و کالجوں کی داخلہ پالیسی، داخلہ طریقہ کار، جدید ہنر مند کورسز کی اہمیت و افادیت، مختلف شعبوں کی اہمیت و ضرورت اور بلوچستان کے طلبہ کے لئے مختص اسکالرشپس پر تفصیلی گفتگو اور اس تناظر میں تنظیم کے مثبت کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔ تقریب میں اسٹیج کے فرائض سینٹرل کمیٹی ممبر محسن بلوچ اور انعام بلوچ نے سرانجام دیے، جب کہ تلاوت کلام پاک کی سعادت تنظیم کی رکن بانک یاسمین بلوچ نے حاصل کی۔ تقریب سے سابقہ چیئرمین فضل بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس ایف واحد پلیٹ فارم ہے جو طلبہ کے مفادات کے لئے مخصوص ہے اور اپنی نوعیت کی یہ پہلی تنظیم ہے جو دل و جان سے ایجوکیشنل گراؤنڈ پر سرگرم عمل ہے جس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے دوسرے پلیٹ فارمز بھی تنظیمی موقف کی تقلید کر رہے ہیں۔ سابقہ وائس چیئرمین نعمان بلوچ نے طلبہ طبقے میں بڑھتے ہوئے انزائٹی، ڈپریشن اور خودسوزی کے واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بروقت کیریئر کاؤنسلنگ نہ ہونے، مختلف شعبوں، داخلہ پالیسی کے بارے میں ناکافی آگاہی، معاشی پسماندگی و دیگر وجوہات کی بناء پر طلباء و طالبات نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہوکر خودسوزی جیسا قدم اٹھاتے ہیں، ایس ایس ایف طلبہ کو ان مشکلات سے نکالنے اور آگاہی دینے پر اپنی مدد آپ عملاً کوشاں ہے، والدین اور اساتذہ سے بھی درخواست ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار اداکرکے طلبہ کو نفسیاتی دباو کا شکار ہونے سے کر ایک بہتر معاشرے کی تکمیل میں تنظیم کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں۔ جنرل سیکرٹری شمس بلوچ نے طلباء وطالبات میں تعلیم کی اہمیت پر اپنی سریلی آواز میں شرکاء کی سماعت میں سر بکھیرے۔ مزید تقریب سے ایم فل اسکالر ڈاکٹر ادریس بلوچ نے سائیکالوجیکل کیریئر کاؤنسلنگ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ مختلف وجوہات کی بناء پر اپنے مسقبل کے چناؤ کے سلسلے میں کافی مشکلات کا شکار ہوکر نفسیاتی طور پر مجروح کوجاتے ہیں اس حوالے سے طلبہ میں سائیکالوجیکل کیریئر کاؤنسلنگ کی اشد ضرورت ہے جس کے حوالے سے ایس ایس ایف بخوبی فرائض سرانجام دی رہی ہے۔ تقریب میں پینلسٹس جنرل سیکرٹری شمس بلوچ،ایجوکیشنل سیکرٹری سلیم بلوچ اور ترجمان شفیع بلوچ شامل تھے جبکہ ماڈریٹر کے فرائض سابقہ ڈپٹی جنرل سیکریٹری فیاض بلوچ نے سرانجام دیے، پینلسٹس نے طلبہ طبقے کے لیے تنظیم کی ضرورت اہمیت و افادیت، تنظیم کی جدید لائبریری کے فوائد، غیر نصابی و فنی علوم کی اہمیت اور دیگر موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی۔ داخلہ و اسکالرشپس، جدید ہنر مند کورسز، مختلف شعبوں بشمول میڈیکل سائنسز، انجینئرنگ سائنسز،سوشل سائنسز، لاء، مختلف ڈپلومہ اور ڈیجیٹل کورسسز کے حوالے سے تنظیم کے رکن آصف بلوچ، بانک کائنات بلوچ، سابقہ وائس چیئرمین نعمان بلوچ اور تقریب سیکرٹری عرفان بلوچ نے تفصیلاً طلبہ و طالبات کو آگاہی فراہم کی۔ آخر میں تنظیم کے چیئرمین نعیم بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس ایف اپنی مدد آپ طلباء و طالبات کو علمی حوالے سے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ جامعات و کالجوں کی داخلہ پالیسی، اسکالرشپس کے حصول، جدید ہنرمند کورسز، فنی و غیر نصابی علوم اور کتابی کلچر کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، تنظیم کی بدولت سینکڑوں طلبہ اندرون و بیرون ملک تعلیمی اداروں میں داخلہ و اسکالرشپ حاصل کرکے کامیابی سے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ تنظیم ذاتی مفاد سے بالاتر جدوجہد علمی پر عمل پیرا ہے، طلباء وطالبات کو چاہیے کہ جامعات و کالجوں میں تنظیمی رہنمائی میں رسائی کے ساتھ ساتھ تنظیم کا حصہ بن کر اس علمی و شعوری کاروان کو مذید وسعت دیکر اس سیکھنے و سکھانے کے عمل کو جاری و ساری رکھیں۔ تقریب کے اختتام پر تنظیم کی جانب سے مہمانوں اور تنظیمی کارکنان میں اعزازی تحائف کے طور پر کتابیں پیش کی گئی اور طلباء و طالبات کے سوالوں کے جوابات دینے کے علاوہ انکو یقین دہانی کی گئی کہ وہ کسی بھی وقت علمی حوالے سے رہنمائی کے سلسلے میں تنظیمی نمائندوں کی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔


