بارکھان تا رکھنی زیر تعمیر روڈ مکمل بند، گاڑیوں کی بندش سے زمینداروں کو نقصان، عوامی مشکلات میں اضافہ

بارکھان (نمائندہ انتخاب) بارکھان تا رکھنی زیر تعمیر روڈ پر تعمیراتی کام مکمل طور پر بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ دنوں صحافیوں کی نشاندہی اور خبروں کے بعد ایک ڈمپر موقع پر ضرور پہنچا، تاہم کئی دن گزرنے کے باوجود وہ بھی خراب حالت میں روڈ کنارے کھڑا ہے اور عملی کام دوبارہ شروع نہیں ہوسکا۔ حالیہ شدید بارشوں کے باعث زیر تعمیر سڑک کی صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں سفر کرنا انتہائی دشوار ہوچکا ہے۔ مریضوں، طلبہ، تاجروں اور عام شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ سبزیوں کا سیزن شروع ہونے کے باعث روزانہ کی بنیاد پر گاڑیوں کی بندش سے زمینداروں کو نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹرز اور عوام کو اضافی مشکلات اور اخراجات کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بارکھان تا رکھنی روڈ کی تعمیر کا کام فوری طور پر دوبارہ شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں