بھارت میں اسلامی کلمہ پڑھانے پر نجی اسکول کو تفتیش کا سامنا

کانپور(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے شہر کانپور کے نجی اسکول میں اسلامی کلمہ اور دیگر مذاہب کی دعائیں پڑھانے پر مذہب کی تبدیلی کے متنازع قانون کے تحت پولیس کی جانب سے تفتیش کی جا رہی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کانپور میں واقع فلوریٹس انٹرنیشنل اسکول کے طلبہ مختلف مذاہب کی دعائیں پڑھ رہے ہیں، جن میں ہندومت، اسلام، سکھ مت اور عیسائی مذہب شامل ہے۔بھارت میں مذہب کا معاملہ طویل عرصے سے تنازع کی وجہ رہا ہے، ہندو اکثریت والے ملک میں دنیا کی دوسری بڑی مسلم آبادی بھی رہتی ہے۔رپورٹ کے مطابق فرقہ وارانہ کشیدگی بعض اوقات عروج پر ہوتی ہے، حالیہ برسوں میں ہندو انتہاپسند گروپس کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے زیر انتظام مقامی حکومتوں نے مذہب تبدیل کرنے کے خلاف حملوں کو تیز کردیا ۔یہ اسکول اتر پردیش میں واقع ہے جہاں بی جے پی کی حکومت ہے، اس ریاست میں پیشگی منظوری کے بغیر تمام مذہب کی تبدیلی جرم قرار دینے والا قانون منظور کیا گیا تھا، اس قانون کے بارے میں ناقدین کا کہنا تھا کہ یہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں