ایل او سی، بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون اسکول ٹیچر جاں بحق

مظفرآباد:لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اْس پار سے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے آزاد جموں و کشمیر کے ضلع پونچ میں ایک خاتون اسکول ٹیچر جاں بحق ہوگئیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ خاتون کی موت کے بعد رواں سال اب تک بلااشتعال فائرنگ کے باعث جاں بحق والوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔اس حوالے سے پونچ کے ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس راشد نعیم خان نے بذریعہ ٹیلی فون بتایا کہ بھارتی فوج نے عباس پور سیکٹر پر شیلنگ کی جس میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ گاؤں پولاس کاکوٹا میں شام 6 بجکر 45 منٹ پر عثمان حفیظ نامی شخص کی 22 سالہ بیوی شازیہ بی بی افطار کی تیاریوں میں مصروف تھی کہ ایک شیل ان کے گھر کے کچن میں آگرا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ادھر عباس پور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون صحافی سائرہ یوسف چغتائی نے بتایا کہ متاثرہ خاتون ایک نجی اسکول میں ٹیچر تھی اور ان کی شادی کو بمشکل 2 سال ہوئے تھے، ان کی غیرمتوقع موت نے پورے علاقے میں غم کا ماحول پیدا کردیا۔انہوں نے کہا کہ خاتون کو پولاس کاکوٹہ گاؤں میں سپردخاک کردیا گیا۔دوسری جانب آزاد کشمیر کے سول ڈیفنس کے سیکریٹری سید شاہد محی الدین قادری کے مطابق حالیہ موت نے رواں سال اس طرح کے واقعات سے ہونے والی اموات کو 7 تک پہنچادیا ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 76 ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ اب تک بھارتی فوج کی بلا اشتعال شیلنگ سے 22 گھر اور 5 دکانیں تباہ ہوئی ہیں جبکہ 198 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، یہی نہیں بلکہ 76 مویشی بھی اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں