شہبازگل پر تشدد سے متعلق خبریں دینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، اسلام آباد
اسلام آباد (انتخاب نیوز) اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل سے زیادتی اور تشدد کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے ٹویٹ سامنے آئی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ تمام تصاویر اور ویڈیوز میں واضح ہے کہ جنسی زیادتی سمیت گِل کو ذہنی وجسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور وہ بھی ایسے بھیانک طریقے سے کہ جس کا موازنہ تک ممکن نہیں۔دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے بغاوت پر اکسانے کے الزام میں قید تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل سے زیادتی اور ان پر تشدد کی خبروں کی سختی سے تردید کردی ہے۔ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ بعض افراد کی طرف سے من گھڑت مہم چلائی جارہی ہے، پولیس کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم پر شہبازگل پر تشدد سے متعلق ابتدائی رپورٹ پر کام شروع ہوچکا ہے، اور ابتدائی رپورٹ کیلئے بیانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ شہبازگل پر تشدد سے متعلق کسی کے پاس بھی ثبوت ہے تو اسلام آباد پولیس کو دے سکتا ہے، اور عوام سے گزارش ہے تصدیق کئے بغیر جھوٹی مہم کا حصہ نہ بنیں۔


