افغانستان میں شدت پسند گروہوں کی سرگرمیاں پڑوسی ممالک کی سلامتی کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم
تاشقند (مانیٹرنگ ڈیسک) شنگھائی تعاون تنظیم سے منسلک علاقائی سلامتی کے ایک ادارے ایس سی او نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں مسلح گروپوں کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور یہ پڑوسی ممالک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم سے منسلک علاقائی انسداد دہشت گردی کے ڈھانچے نے تاشقند میں اپنے حالیہ اجلاس کے دوران کہا کہ افغانستان اور شام میں جنگجو گروپوں نے اپنی جنگی صلاحیتوں کو نمایاں طور پر مضبوط کیا ہے۔ اجلاس جمعہ 3 اپریل کو منعقد ہوا جس میں رکن ممالک نے خطے میں شدت پسند اور علیحدگی پسند گروپوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ شرکاءنے سیکورٹی چیلنجوں سے نمٹنے اور سرحدوں کے پار عدم استحکام کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم، جس میں چین، روس، بھارت، پاکستان اور کئی وسطی ایشیائی ممالک شامل ہیں نے حالیہ برسوں میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں اپنے اراکین کے درمیان تعاون بڑھانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ میٹنگ کے دوران، حکام نے علاقائی انسداد دہشت گردی کے ڈھانچے کے کردار کو انٹیلی جنس کے تبادلے اور رکن ممالک کے درمیان مشترکہ حفاظتی اقدامات کو مربوط کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر اجاگر کیا۔


