مذاکرات کی کامیابی اہم پیشرفت ہے، سانحہ زیارت پر جوڈیشل کمیشن شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنائے گا، گورنر بلوچستان
کوئٹہ (آن لائن) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صوبائی حکومت اور سانحہ زیارت کی دھرنا کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کو سراہتے ہوئے اسے امن اور استحکام کی جانب ایک اہم اور مثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔ یہ پیشرفت صوبے میں سیاسی استحکام، پائیدار امن کے قیام اور کشیدگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کریگی۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ پولیٹیکل ڈائیلاگ اور باہمی افہام و تفہیم درحقیقت تصادم اور محاذ آرائی سے زیادہ موثر اور معتبر وسیلے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے امید ظاہر کی کہ کامیاب مذاکرات کے پیش نظر دیگر مراحل بھی خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے۔ انہوں نے شہداءکے لواحقین کے جائز مطالبات پر عملدرآمد اور صوبے میں سیکورٹی کے مسائل حل کرنے سے متعلق کامیاب مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جوڈیشل کمیشن شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنائے گا۔ متفقہ پالیسی کے تحت سانحہ زیارت کے شہداءکو سرکاری طور پر شہید قرار دیکر ان کے اہل خانہ کو امداد دی جائیگی جن میں شہداءکے بچوں کیلئے تعلیمی انتظامات، مالی معاوضہ اور دیگر حقوق بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں مختلف سرکاری عمارتوں کو شہداءکی قربانیوں کے اعزاز میں منسوب کیا جائے گا۔ ریونیو سے متعلق عوامی تحفظات کے ازالے کیلئے وزیر ریونیو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائیگی۔ گورنر مندوخیل نے مذاکراتی کمیٹی کے ارکان، مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماﺅں اور خاص طور پر شہداءکے سوگوار خاندانوں کو ان کے صبر، دانشمندی اور بلند عزم پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس طرح اب پائیدار امن کے قیام کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوچکا ہے، جس سے ناخوشگوار واقعات اور اختلافات کو باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے حل کرنے کی جمہوری روایت مزید مستحکم ہوئی ہے۔


