بلوچستان میں شدید بارشیں، ژوب اور ڈیرہ بگٹی میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق، خواتین سمیت 4 افراد زخمی
ژوب، ڈیرہ بگٹی (یو این اے)گزشتہ شب بارش کے دوران کلی ولہ اکرم کے علاقے میں کمرہ گرنے کے نتیجے میں 16 سالہ نوجوان فیصل خان جاں بحق خواتین سمیت چار افراد زخمی تمام زخمیوں کو سول ہسپتال ژوب منتقل کردیاگیا جہاں پر ڈاکٹروں نے زخمیوں کی حالت تسلی بخش بتائی۔ ضلع ڈیرہ بگٹی اور اس کے نواحی علاقوں میں گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے جاری بارشوں نے نظامِ زندگی کو متاثر کر دیا، جبکہ مختلف واقعات میں جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل سوئی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بوسیدہ مکان کی چھت اچانک گرنے سے ایک نوجوان ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا پولیس کے مطابق واقعے کے فورا بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں شروع کیں تاہم نوجوان جانبر نہ ہوسکا۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا دوسری جانب شدید بارشوں اور تیز ہواں کے باعث سنگسیلہ سیاہ آف اور اپر ڈیرہ بگٹی کے علاقوں میں کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ لیویز ذرائع کے مطابق بارش اور طوفانی ہواں نے گندم اور دیگر فصلوں کو بری طرح متاثر کیا جس سے مقامی کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں اور زمینداروں کی فوری امداد کی جائے ادھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی گئی ہیں اور جلد ریلیف اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔


