ملا عمر کے بیٹے ملا یعقوب طالبان کے عسکری ونگ کا سربراہ منتخب
دوحہ:قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان امن عمل اور سابق طالبان سربراہ ملا عمر کے صاحبزادے کی تعیناتی پر طالبان کے 2 اہم گروپوں میں بات چیت ہوئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ قطر میں طالبان کے سیاسی و سفارتی دفتر اور افغانستان میں طالبان قیادت و شوریٰ کے درمیان گفتگو ہوئی ہے۔سفارتی ذرائع نے بتایا کہ طالبان کے دونوں گروپ میں ملا یعقوب کی تعیناتی پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔افغانستان میں طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ نے ملا یعقوب کو طالبان عسکری ونگ کا سربراہ منتخب کیا ہے، ملا یعقوب طالبان کے بانی ملا عمر کے بڑے صاحبزادے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ افغانستان سے غیر ملکی فوج کے انخلاء پر طالبان قیادت و شوریٰ اور طالبان سیاسی و سفارتی دفتر میں اختلاف رہا ہے۔سفارتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ طالبان شوریٰ 6 سے 9 ماہ میں فوجی انخلاء پر بضد ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ طالبان سیاسی دفتر کے سربراہ عبدالغنی برادر 14 ماہ میں افغانستان سے فوجی انخلاء پر اتفاق کر چکے ہیں۔