افواج اور عوام کے مابین تعلقات کو ٹھیس پہنچانے والے پاکستان کے دوست نہیں ،شہبازشریف
اسلام آباد(انتخاب نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو بھی ہماری مسلح افواج اور عوام کے درمیان تعلقات کو ٹھیس پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہے وہ پاکستان کا دوست نہیں ہے۔ پاکستان آج غازیوں کو سلام پیش کررہی ہے جنہوں نے آج سے 57سال پہلے پاکستان پر اندھیرے میں جو دشمن نے حملہ کیا، اس کاکلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے دیوانہ وار مقابلہ کیا اوراپنے خون سے سرحدوں کی حفاظت کی۔ ہمارے افسروں اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دشمن کے مکارانہ حملے سے ناصرف بچایا بلکہ دھرتی کے ایک، ایک انچ کی حفاظت کی اور دشمن کے دانت کھٹے کردیئے۔ہم ایک بن کر سیلاب کا مقابلہ کررہے ہیں۔انشاءاللہ پاکستان ضرور اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرے گا۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہباز شریف یوم دفاع کے موقع پرپاکستان مونومنٹ شکرپڑیاں پر حاضری دینے اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پوری قوم غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، آج سے57سال پہلے جو دشمن نے مکاری کی تھی، ایک ملک جو حجم اور وسائل کے لحاظ سے پاکستان سے چار گنا بڑاتھا ، پاکستان کی افواج نے اللہ کے سہارے ، اپنے عقیدے اور اپنے مصمم ارادے کے بل بوتے پر دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ آج جب پوری قوم ان شہداءاور غازیوں کو سلام پیش کررہی ہے، آج پھر سیلاب کے حوالہ سے پوری قوم یکجان دو قالب، آج پھر جنگ ستمبر کی طرح ناکوئی پنجابی، نہ کوئی پٹھان، نہ سندھی نہ بلوچ ، نہ کشمیری، نہ بلتی بلکہ مسلمان اور پاکستانی طرح ایک لڑی میں پروے جاچکے ہیں اور ان تلاطم خیر بارشی اوردریائی سیلاب کا دن رات مقابلہ کررہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں اس سے پہلے قدرتی آفت کے حوالے سے اس سے بڑی تباہی دیکھتی آنکھ نے دیکھی نہیں تھی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم ، وفاقی حکومت ، صوبائی حکومتیں اورافواج پاکستان مل کر اس آفت کا مقابلہ کررہے ہیں اوردکھی انسانیت کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں ۔ افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں نے ایک بار پھر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، چاہے وہ لسبیلہ کا مقام ہے یا پاکستان کے اندر کوئی اور مقام، وہ دن رات اپنے بھائیوں اور بہنوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے۔


