جمعیت کی کال پر بلوچستان بھر میں شٹر ڈاﺅن، چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں بند رہیں، متعدد رہنما گرفتاری کے بعد رہا
کوئٹہ (آن لائن) جمعیت علماءاسلام کی کال پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی کئی کوئٹہ میں تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، مارکیٹیں، پلازہ اور دکانیں بند رہیں، زبردستی دکانیں بند کرانے پر پولیس کی جانب سے جماعت کے عہدیداروں ضلع کوئٹہ کے نائب امیر مولانا عبدالاحد سمیت متعدد کو گرفتار بعد ازاں رہا کر دیا گیا۔ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کسی بھی نا خوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے بھاری نفری تعینات کی گئی۔ کوئٹہ جناح روڈ، قندہاری بازار، لیاقت بازار، عبدالستار، سرکی روڈ، میکانگی روڈ، کاسی روڈ، ڈبل روڈ، مسجد روڈ، فاطمہ جنا ح روڈ، سورج گنج بازار، مشن روڈ، شہباز ٹاﺅن، علمدار روڈ، طوغی، روڈ، کواری روڈ، پٹیل روڈ، گوردت سنگھ روڈ، موتی رام روڈ، آرٹ اسکول روڈ، تولہ رام روڈ سمیت دیگر علاقوں میں مکمل شٹر ڈاﺅن رہا، تاہم ٹریفک معمول سے کم رہی، جمعیت علماءاسلام کی جانب سے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مدارس رجسٹریشن کے آڑ میں ان کو سیل کرنے اور منتظمین کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے تحت بدھ کو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی کال دی گئی تھی، بلوچستان کے مختلف علاقوں زیارت، خضدار، مستونگ، نوشکی، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، واشک، خاران، دالبندین، دکی، ہرنائی، سنجاوی، لورالائی، خانوزئی، کان مہترزئی، قلات، سوراب سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شٹرڈاﺅن ہڑتال کی گئی۔


