خواب دیکھنا کبھی مت چھوڑو، محنت کرتے رہو، پاکستان پر یقین رکھو، ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خواب دیکھنا کبھی مت چھوڑو، محنت کرتے رہو، پاکستان پر یقین رکھو، ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے۔ایک بیان میں وزیراعظم کہا ہے کہ افواجِ پاکستان، سائنسدانوں اور نوجوانوں کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان خلائی تحقیق میں نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری نوجوان نسل، ہمارے سائنسدانوں اور ہمارے خوابوں کا سفر ہے، ذیشان علی اور خرم داؤد دونوں نے محنت، نظم و ضبط اور لگن سے چین میں تربیت مکمل کی۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے جانے والا چین کے بعد دنیا کا پہلا ملک بنے گا، یہ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنے برادر ملک چین کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے پاکستان کو اس تاریخی مشن کا حصہ بنایا، چین اور پاکستان اب خلا کے سفر میں بھی ہم قدم ہیں، یہ دوستی کی وسعت اور قربت کا اظہار ہے۔وزیراعظم نے اسپارکو اور سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اگر آج ایک پاکستانی خلائی اسٹیشن تک پہنچ سکتا ہے تو کل ایک پاکستانی چاند تک بھی پہنچے گا۔انہوں نے قوم کے نوجوانوں کے نام پیغام میں کہا کہ ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے، علامہ محمد اقبال نے برسوں پہلے نوجوانوں کو تلقین کی تھی کہ انہیں ستاروں سے آگے جانا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے یہ خواب آج پورا ہو رہا ہے، حکومتِ پاکستان سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ یہ مشن نئے پاکستان کی جانب ایک بڑا قدم ہے، ہمارا نوجوان دنیا کے ساتھ مقابلہ نہیں بلکہ دنیا کی رہنمائی کرے گا۔


