لورالائی میں روزانہ 22، 22 گھنٹے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، شہری زندگی مفلوج، پینے کا پانی ناپید، انٹرنیٹ سروس بھی بندش کا شکار

لورالائی (آن لائن) ڈویژنل ہیڈکوارٹر لورالائی میں روزانہ کی بنیاد پر 22، 22 گھنٹے طویل بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ بجلی کی مسلسل بندش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی نے طلبہ، کاروباری طبقے، سرکاری و نجی ملازمین اور آن لائن کام کرنے والے افراد کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ شہریوں کے مطابق بجلی کی عدم فراہمی کے باعث گھریلو زندگی سے لے کر کاروباری سرگرمیاں تک متاثر ہو چکی ہیں اور عوام شدید ذہنی و معاشی پریشانی کا شکار ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ روزانہ 22 گھنٹے بجلی بند رہنے کے باعث گھروں میں پانی کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے، شہری پینے کے پانی کے حصول کے لیے دربدر ہیں جبکہ کاروباری مراکز، دکانوں، چھوٹے کارخانوں اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی سے طلبہ کی آن لائن تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ بینکنگ، ڈیجیٹل کاروبار اور دیگر ضروری امور کی انجام دہی بھی مشکل ہوگئی ہے۔ شہریوں کے مطابق بجلی کی طویل بندش نے لورالائی جیسے ڈویژنل ہیڈکوارٹر کو بنیادی سہولیات کے حوالے سے شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔شہریوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے نمائندے عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے کے بجائے اسلام آباد میں مصروف ہیں، انہیں اس بات کا احساس نہیں کہ ان کے حلقے کے عوام کس قدر مشکلات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ دوسری جانب بعض سرکاری افسران اور متعلقہ حکام کے گھروں میں سولر سسٹم اور ڈیزل جنریٹرز کے ذریعے بجلی کی متبادل فراہمی موجود ہے، جس کے باعث انہیں طویل لوڈشیڈنگ کے اثرات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، جبکہ غریب اور متوسط طبقہ بجلی کی بندش کا سب سے زیادہ بوجھ برداشت کر رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق بجلی نہ ہونے سے پانی کی فراہمی، روزگار، تعلیم، کاروبار اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی متاثر ہو رہی ہیں، لیکن عوام کی فریاد سننے والا کوئی نہیں۔عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، کیسکو چیف، متعلقہ صوبائی و وفاقی حکام اور منتخب عوامی نمائندوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ لورالائی میں روزانہ 22، 22 گھنٹے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور اس سنگین مسئلے کے مستقل حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے