بیرک گولڈ کارپوریشن کے اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ گوادر، مختلف امور پر بریفنگ

گوادر (انتخاب نیوز) بیرک گولڈ کارپوریشن کا ایک اعلیٰ سطحی وفد مائیکل پیٹر نیلسن کی سربراہی میں منگل کے روز خصوصی طیارے کے ذریعے گوادر پہنچا،جہاں پر وفد نے گوادر فری زون،پورٹ فعالیت پورٹ کنیکٹیکوٹی، رابطہ کاری، مواصلات، ٹرانسپورٹیشن، سرمایہ کاری اور ریکوڈک کے مستقبل کے حوالے سے اہم منصوبہ بندی اور حکمت عملی سے متعلق اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف باہمی امور پر تبادلہ خیال سمیت گوادر میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ وفد نے کہا کہ گوادر میں مختلف معدنیات کی درآمدات اور برآمدات کے حوالے سے سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس موقع پر وفد کو گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نصیر خان کاشانی نے گوادر بندر گاہ گوادر فری زون اور سی پیک کے متعلق منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ مستقبل میں گوادر پورٹ میں تجارتی سرگرمیوں کے لیے سنہری مواقع موجود ہیں۔ زیرِ تعمیر روڈ نیٹ ورک سے خطے میں انقلابی تجارتی سہولیات میسر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ خوبصورت ساحل اور صاف ستھرا ماحول سیاحت کے فروغ کے بے پناہ امکانات اور مواقع رکھتا ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی مواقع سے فائدا اٹھائیں اور پورے اطمینان اور تحفظ کے احساس کے ساتھ یہاں پر سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں سرمایہ کاری کو ہر طریقہ سے محفوظ بنایا گیا ہے اور یہاں تمام ضروری سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ آئندہ سال مکمل ہوگا جس کے بعد ملک کے بڑے شہروں کے علاہ دنیا بھر کے سیاح اور سرمایہ کار گوادر کا رخ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں