ژوب، منشیات کی موجودگی کی غلط اطلاع اور ٹرک سے کوئلہ خالی کرانے پر ایکسائز نے مالکان کو معاوضہ اد ا کردیا

ژوب (آن لائن) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے کوئلے سے لدے ایک ٹرک میں منشیات کی موجودگی کی اطلاع پر کی جانے والی کارروائی غلط ثابت ہوگئی تاہم ٹرک مالکان کو ہونے والے نقصان اور وقت کے ضیاع کے ازالے کے لیے محکمہ ایکسائز نے اپنی مدد آپ کے تحت 2 لاکھ 50 ہزار روپے معاوضہ ادا کردیا ای ٹی او ایکسائز نعمت اللہ کاکڑ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مذکورہ ٹرک میں کوئلے کی آڑ میں چھالیہ اسمگل کیے جانے کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹرک سے کوئلہ خالی کرایا گیا، تاہم بعد ازاں اطلاع غلط ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کوئلہ دوبارہ لوڈ کرنے اور وقت ضائع ہونے کے باعث ڈرائیور کو باقاعدہ معاوضہ ادا کیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ غلط اطلاع دینے والے مخبر کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تاہم اسمگلنگ میں ملوث عناصر مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں، جن میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنا بڑا اقدام موصول ہونے والی اطلاع کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا تھا دوسری جانب ٹرانسپورٹ یونین کے ڈویژنل صدر عبدالجبار کاکڑ نے بتایا کہ متاثرہ ٹرک کے مالکان کو محکمہ ایکسائز کی جانب سے معاوضے کی مد میں 2 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے گئے ہیں متاثرہ ٹرک کے ڈرائیور نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے اہلکاروں نے ٹرک روکنے کے دوران ان سے کسی قسم کی رشوت یا غیر قانونی رقم کا مطالبہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا محکمہ کی جانب سے ازالہ کیا گیا ہے، جس پر وہ محکمہ ایکسائز کے شکر گزار ہیں ٹرانسپورٹ یونین کے ڈویژنل صدر عبدالجبار کاکڑ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ محکمہ ایکسائز غلط اور بے بنیاد اطلاعات پر کارروائی سے گریز کرے، کیونکہ ٹرانسپورٹرز پہلے ہی امن و امان کی صورتحال کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیک پوسٹوں پر ٹرانسپورٹرز کو بلاجواز تنگ اور ہراساں بھی کیا جاتا ہے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کارروائیوں کے دوران غیر ضروری مشکلات پیدا کرنے سے گریز کیا جائے اور اطلاع کی تصدیق کے لیے مثر طریقہ کار اختیار کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں