پشاور ہائیکورٹ نے عمران خان پردوہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا

پشاور (انتخاب نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان پر ہرجانہ کیس میں پیش نہ ہونے پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق وزیراعظم کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا، جس پر عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ وکیل درخواست گزارہ غفران اللہ شاہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ درخواست گزارہ اور گواہان عدالت میں موجود ہیں لیکن عمران خان کی طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا۔ عمران خان کے خلاف پی ٹی آئی کی سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی نے 50 کروڑ روپے ہرجانے کا کیس دائر کر رکھا ہے، درخواست گزار کے مطابق سینٹ الیکشن 2018 میں ووٹ بیچنے کے الزام پر پی ٹی آئی نے فوزیہ بی بی کی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی۔ فوزیہ بی بی نے سینٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے کے الزامات پر عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس دائر کر رکھا ہے، جس میں اب تک 5 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔عدالت نے عمران خان کی جانب سے کسی کے پیش نہ ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے کیس کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں