چاغی دو حصوں میں تقسیم ، نوکنڈی ضلع مغربی چاغی کا ہیڈکوارٹر مقرر، حکومت بلوچستان کا نوٹیفکیشن جاری

نوکنڈی (نمائندہ انتخاب ) حکومت بلوچستان نے انتظامی حدود میں تبدیلی کرتے ہوئے نئے ضلع مغربی چاغی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے تحت نوکنڈی کو نئے ضلع کا ہیڈکوارٹر مقرر کیا گیا ہے۔ نئے ضلع میں تفتان اور ماشکیل کے انتظامی علاقے شامل ہوں گے، جبکہ دالبندین بدستور ضلع چاغی کا ہیڈکوارٹر رہے گا۔محکمہ مال بلوچستان کی ایڈمنسٹریشن برانچ سے 28 اکتوبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی دفعہ 6 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے ضلع مغربی چاغی قائم کیا گیا ہے، جسے رخشان ڈویڑن میں شامل کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت ضلع چاغی کے سب ڈویڑن تفتان اور تحصیل نوکنڈی کو نئے ضلع مغربی چاغی میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ ضلع واشک کے سب ڈویژن اور تحصیل ماشکیل کو بھی الگ کرکے نئے ضلع کا حصہ بنایا گیا ہے۔ نئے ضلع میں تحصیل تفتان، تحصیل ماشکیل اور تحصیل نوکنڈی شامل ہوں گی۔دوسری جانب ضلع چاغی کا ہیڈکوارٹر دالبندین برقرار رکھتے ہوئے اس میں سب ڈویژن دالبندین اور چاغی شامل کیے گئے ہیں۔ ضلع چاغی کی انتظامی تقسیم میں تحصیل دالبندین، تحصیل چاغی اور تحصیل یک مچ کے علاوہ پدگ ہیڈکوارٹر کے ساتھ نئی سب تحصیل چارسر بھی قائم کی گئی ہے۔ضلع واشک کا ہیڈکوارٹر واشک برقرار رہے گا، جس میں سب ڈویڑن واشک، بسیمہ اور ناگ کے علاوہ تحصیل واشک، تحصیل بسیمہ، تحصیل ناگ اور سب تحصیل شاہ گوری شامل ہوں گے۔نوکنڈی کو نئے ضلع کا ہیڈکوارٹر مقرر کیے جانے سے علاقے میں ضلعی انتظامی ڈھانچے کی تشکیل اور سرکاری امور کی مقامی سطح پر انجام دہی کے حوالے سے نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں